دمشق،15؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شامی صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن نے واشنگٹن کی طرف سے دباؤ کے باوجود اقتدار چھوڑنے کے حوالے سے اُن سے کبھی بات نہیں کی۔ این بی سی نیوز پر آج جمعرات کو نشر ہونے والے اپنے ایک انٹرویو میں اسد کا کہنا تھا، پوٹن نے اس حوالے سے کبھی ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ شامی صدر سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا روسی صدر ولادیمیر پوٹن یا وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے ان سے کبھی شام میں سیاسی تبدیلی کے حوالے سے کوئی بات کی ہے؟ اسد کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ ماسکو کے حوالے سے انہیں کوئی خدشات نہیں ہیں۔